Sep ۰۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران اور ہندوستان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں نئی دہلی کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاسوں کے نئے سلسلے کے آغاز کے لئے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا۔

اتوار کے روز وزیر خارجہ ایران حسین امیر عبد اللہیان اور ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات منجملہ اقتصاد پر گفتگو کی جس میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں دونوں ممالک کے اشتراک عمل کا جائزہ لیا گیا۔

اس گفتگو میں امیر عبد اللہیان نے روز بروز فروغ پاتے تہران دہلی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے نئی دہلی دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تہران اس سفر کے دوران انجام پانے والے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے آمادہ ہے۔

وزیر خارجہ ایران نے دوطرفہ مسائل پر گفتگو کے ساتھ ساتھ پابندیوں کے خاتمے کے مقصد سے جاری مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال سے اپنے ہندوستانی ہم منصب کو آگاہ کیا اور نظریات کو قریب لانے کے لئے نئی دہلی کی کوششوں کی قدردانی کی۔

اس گفتگو میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی دونوں ممالک کے مابین اچھی سطح پر تعلقات کی استواری کا ذکر کیا اور مختلف شعبوں میں انکے مزید فروغ کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ایران کے جوہری معاملے کے حل کی حمایت کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ نے اسی کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیشن کی نشستوں کے انعقاد اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے ایک روڈمیپ کی تیاری پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انجام شدہ معاہدوں پر عمل درآمد سے تہران نئی دہلی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ٹیگس