Sep ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • نیویارک میں ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ کی ملاقات اور گفتگو

یران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اپنے قطری ہم منصب عبدالرحمن آل ثانی سے نیویارک میں ملاقات کی۔ اس موقع پر 2015 ایٹمی معاہدہ سے متعلق ویانا مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت اور باہمی تعلقات کے فروغ جیسے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایران اور قطر کے وزراء خارجہ کی یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق قطری وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ وہ اپنے ہم منصب ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ جوہری معاہدے کے بارے میں بات کرکے بہت خوش ہیں جسے باضابطہ طور پر مشترکہ جامع پلان آف ایکشن کہا جاتا ہے۔

قطر کے وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ ہم نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، ایٹمی معاہدہ سے متعلق مذاکرات میں ہونے والی حالیہ پیشرفت پر تبادلۂ خیال کیا، امریکہ اس سلسلے میں ہماری مشترکہ کوششوں کا منتظر ہے۔

یاد رہے اس سے پہلے نیٹو کے شعبۂ خارجہ پالیسی کے سربراہ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے مقصد سے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایران کا جواب کسی معاہدہ تک پہنچنے میں مددگار نہیں ہے۔

دوسری جانب ویانا مذاکرات میں روسی نمائندے میخائل الیانوف کا کہنا ہے کہ جوہری معاہدے کے کسی نتیجہ تک نہ پہنچنے کی وجہ امریکا کا داخلی بحران ہے۔

 

ٹیگس