Oct ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • ایرانی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی اور بین الاقوامی امور شعبہ کے سربراہ کاظم غریب آبادی
    ایرانی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی اور بین الاقوامی امور شعبہ کے سربراہ کاظم غریب آبادی

ایران نے حالیہ بلووں میں بنیادی کردار ادا کرنے پر امریکا کے خلاف کیس تیار کرلیا ہے۔

ایرانی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی اور شعبہ بین الاقوامی امور کے انچارج کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران کے محکمہ انصاف نے حالیہ ہنگاموں اور بلوؤں میں ہونے والے نقصانات کے تعین اور براہ راست ملوث ہونے کے الز م میں امریکا کے خلاف فیصلہ صادر کرانے کی غرض سے قانونی کیس تیار کر لیا ہے۔

کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بلوؤں اور سرکاری نجی املاک پر حملوں کے لیے اکسانے، دہشت گردانہ اقدامات اور مظاہروں کو پرتشدد بنانے والے اقدامات کو تربیت دینے میں ایران انٹرنیشنل اور بی بی فارسی جیسے ٹیلی ویژن چینلوں کے کردار کے پیش نظر مذکورہ چینلوں کو دہشت گرد گروہوں اور افراد کی فہرست میں شامل کیا جانا چاہیے۔

ایرانی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی اور شعبہ بین الاقوامی امور کے سربراہ کے بقول ایران کے متعلقہ ادارے فارسی زبان کے چینلوں کی میزبانی کرنے والے ممالک یعنی برطانیہ اور سعودی عرب کے کردار کو بھی کیس میں ضرور شامل کریں گے۔

انہوں نے بعض یورپی ملکوں میں ایران کے سفارتی مراکز اور سفارت کاروں پر حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانوں اور سفارتی مراکز نیز سفارت کاروں کا تحفظ  میزبان ملکوں کی ذمہ داری ہے۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ عالمی کنونشنوں اور ضابطوں کے تحت سفارت خانوں اور سفارت مراکز کو پورا تحفظ حاصل ہے اور ان کے تحفظ کے لیے لازمی اقدامات انجام دینا میزبان ملکوں کی ذمہ داری ہے۔

یاد رہے کہ ایران میں حالیہ ہنگاموں اور بلوؤں کے دوران، امریکہ اور بعض یورپی ملکوں کے حکام، ان ملکوں کے ذرائع ابلاغ اور مغرب کے حمایت یافتہ انقلاب دشمن عناصر سے وابستہ فارسی چینل، تحقیقات کے مرحلے سے گزرنے والے ایک غم انگیز واقعے سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور انہوں نے ایرانی قوم کے حقوق کی حمایت کے جھوٹے نعرے لگا کر بلوائیوں اور ایرانی عوام کی سلامتی کو درھم برھم کرنے والے عناصر کی حمایت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔

ٹیگس