Nov ۲۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • بورڈ آف گورنرز کی قرارداد کے بعد ایران کے جوابی اقدامات کا آغاز

آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران مخالف قرارداد کے جواب میں تہران نے اپنی قومی ایٹمی ایجنسی میں جوابی اقدامات کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: امریکہ اور تین یورپی ممالک کی تجویز پر گزشتہ جمعرات کو بورڈ آف گورنرز نے ایران مخالف ایک قرارداد منظور کی تھی جسے ایران نے ایک عجلت پسندانہ سیاسی اقدام قرار دیا تھا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اتوار کے روز بتایا کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک کی تجویز پر منظور شدہ قرار داد کے جواب میں ایران نے اپنے جوابی اقدامات کے پہلے مرحلے میں ایٹمی انرجی کی قومی ایجنسی میں کچھ قدم اٹھا لئے ہیں۔یہ اقدامات آئی اے ای اے کے معاینہ کاروں کی موجودگی میں نطنز اور فردو کی ایٹمی تنصیبات میں عمل میں لائے گئے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اب بھی اس بات کی آمادگی رکھتا ہے کہ جب بھی مغربی فریق جامع ایٹمی معاہدے جے سی پی او اے میں واپس پلٹ آنے کے بعد سیاسی اقدامات سے پرہیز کرتے ہوئے اپنے کئے وعدوں کی پابندی کرنے لگیں گے، تو وہ بھی انکے اقدامات کا مناسب اور مثبت جواب دے گا۔

ناصر کنعانی نے واضح طور پر کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے حالیہ اجلاس میں ایران کے خلاف قرار پیش کرنے کے پیچھے سیاسی اہداف کارفرما تھے اور امریکہ اور تین یورپی ممالک کا یہ اقدام ایران پر دباؤ کو مزید بڑھانے کے مقصد سے کیا گیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران شفاف ترین پر امن ایٹمی پروگرام کا حامل ہے اور دنیا میں دیگر تمام ملکوں سے زیادہ اُس نے آئے اے ای کے نمائندوں کو اپنے ایٹمی مراکز کے معائنے کی اجازت دی ہے، مگر اس کے باوجود بورڈ آف گورنرز نے اسکے خلاف قرارداد منظور کی۔

 

ٹیگس