یورپی دارالحکومتیں سپاہ پاسداران کے طفیل میں داعش سے محفوظ رہیں: ایران
سپاہ پاسداران نے یورپی دارالحکومتوں کو دہشتگرد ٹولے داعش کے حملوں سے بچایا ہے، یہ بات ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں کہی۔
سحر نیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ نے اس گفتگو میں سپاہ پاسداران فورس کے سلسلے میں یورپی پارلیمنٹ کے غیر تعمیری موقف پر سخت تنقید کی، ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین میں سوئٹزرلینڈ کی سربراہی کے دوران ایران اور اسکے تعلقات تعمیری راستے کی طرف بڑھیں گے۔
امیر عبد اللہیان نے سپاہ پاسداران کے سلسلے میں یورپی پارلیمنٹ کے تخریبی اقدامات کو اقوام متحدہ کے منشور کے خلاف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران نے عراق، شام اور مغربی ایشیا میں دہشتگرد ٹولے داعش کے خلاف جنگ میں اہم اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اور اسے نابود کر کے سپاہ نے یورپی دارالحکومتوں کو داعشی حملوں کے مقابلے میں محفوظ بنایا ہے۔
وزیر خارجہ ایران نے تہران اور سوئٹزرلینڈ کے مابین تبادلۂ خیال کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان دو ممالک کے تاریخی تعلقات کو کسی بھی قیمت پر بعض ذاتی اور دہشتگردانہ مفاد پرستوں کے ہاتھوں خراب نہیں ہونے دینا چاہئے۔
اس گفتگو میں سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ توبیاس بیلسٹروم نے بھی اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ گفتگو میں اپنے دورۂ سربراہی کے دوران یورپی یونین اور تہران کے مابین گفتگو اور مذاکرات پر زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ سپاہ پاسداران کے سلسلے میں یورپی پارلیمنٹ کا مجوزہ ضمیمہ لازم الاجرا نہیں ہے۔