ہماری خوش نصیبی ہے کہ ایران جیسا ملک ہمارا پڑوسی ہے: سفیر پاکستان
ایران سے پاکستان کی جانب ریلوے لائن کو فعال بنانے کے لئے ہم کوشاں ہیں کیوں کہ یہ لائن ایران کی چین اور پاکستان کی ترکیہ کے لئے ٹرانزٹ کو آسان بنائے گی۔ یہ بات تہران میں تعینات اسلام آباد کے سفیر نے کہی۔
سحر نیوز/ایران: ان دنوں میں تہران امریکہ کی یک جانبہ پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے غرض سے ایک بین الاقوامی اجلاس تہران کی بین الاقوامی نمائش میں جاری ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے سفرا اور دانشور شریک ہیں۔
فارس نیوز کے مطابق اس نشست میں تہران میں تعینات اسلام آباد کے سفیر رحیم حیات قریشی نے ایران و پاکستان کے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں نے ترجیحی بنیادوں پر تجارت کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور اس سلسلے میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے ایران کے اقدامات کے ہم شکر گزار ہیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ تہران و اسلام آباد تجارت کے ترجیحی معاہدے کو آزاد تجارت کے معاہدے میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں ایران پاکستان گیس پائپ لائن پروجیکٹ کی جانب بھی اشارہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی راہ میں حائل رکاوٹیں جلد ہی برطرف ہو جائیں گی۔
سفیر پاکستان نے اپنے ملک کے لئے ایران کی ہمسایگی کو خوشی اور خوش نصیبی کا باعث قرار دیا اور کہا کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ توانائی اور گیس کے ذخائر سے مالامال ملک ایران ہمارا پڑوسی ہے اور ہماری بہت سی ضروریات کو وہ پورا کر سکتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ایران سے سالانہ سو میگا واٹ بجلی بھی درآمد کر رہے ہیں۔