Jun ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • ایران نے دفاعی صنعت کی سبھی پیچیدہ ٹیکنالوجی حاصل کرلی ہے: جنرل حاجی زادہ

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئرواسپیس فورس کے کمانڈر جنرل امیرعلی حاجی زادہ نے کہا ہے کہ ایران اپنے ہائپرسونک میزائلوں کا رینج دو ہزار کلومیٹر تک بڑھا سکتا ہے۔

سحرنیوز/ایران: جنرل امیرعلی حاجی زادہ نے کہا ہے کہ اس وقت ایران کے فتاح ہائپرسونک میزائل ایک ہزار چار سو کلومیٹر دور واقع اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں جسے بڑھا کر دو ہزار کلومیٹر کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔ جنرل امیرعلی حاجی زادہ نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی نگاہ مستقبل کی جانب ہے اور مسلسل اس نوعیت کی اچھی خبریں سناتے رہیں گے۔
سپاہ پاسداران کے ایئرواسپیس فورس کے کمانڈر نے زور دے کر کہا کہ ایران نے دفاعی صنعت کی تمام پیچیدہ ترین ٹیکنالوجیوں تک دسترسی حاصل کرلی ہے۔
انہوں نے مغرب بالخصوص امریکہ کے مداخلت پسندانہ اور جارحانہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایم کے او جیسے دہشت گردوں کی حمایت کی اور گذشتہ سال کے بلووں میں اپنے میڈیا کے ذریعے ایران کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم ایرانی عوام نے اپنے اتحاد اور دشمنوں کو پہنچاننے کی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مغربی دنیا کی تمام سازشوں پر پانی پھیر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چھے جون کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ماہرین کے ہاتھوں تیار ہونے والے فتاح سوپرسونک میزائل کی رونمائی کی تھی جسے دنیا کا کوئی بھی میزائلی دفاعی سسٹم روکنے پر قادر نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا شمار ہائپرسونک میزائل تیار کرنے والے دنیا کے چار ممالک میں ہونے لگا ہے۔

ٹیگس