ایرانی وزیر خارجہ: غزہ میں جنگ بندی کے سلسلے میں امریکی حکام کے بیان اور عمل میں تضاد
ایران کے وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ امریکہ نے گزشتہ تین دن میں ہمیں یہ پیغام دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کا خواہاں ہے لیکن عملی طور پر وہ غزہ میں قتل عام اور نسل کشی کی حمایت کر رہا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے پیر کو ایران کے صدر اور عراق کے وزیر اعظم کی ملاقات کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ کی بلٹ پروف جیکٹ پہنے بغداد آمد کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ خطے میں امریکہ کے کردار کی اصل حقیقت ہے۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ تین دن میں ہمیں پیغام بھیجوایا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی چاہتا ہے اور اس سلسلے میں بقول اس کے، اس نے اقدامات کیے ہیں، لیکن عملی طور پر امریکی صرف غزہ میں قتل عام اور نسل کشی کی حمایت کر رہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ امریکہ جلد از جلد اپنی پالیسی تبدیل کرے گا اور قابض فریق کی حمایت بند کردے گا۔