ایرانی وزیرخارجہ: صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اسلامی ملکوں کی کوشش سے رکیں گے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اسلامی ملکوں کی کوشش سے رکیں گے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر اسلامی ملکوں کی حکومتیں اور اسلامی تعاون تنظیم نیز عرب لیگ کے سربراہان ضروری کوشش کریں تو غزہ میں صیہونی حکومت کے جنگی جرائم روکے جاسکتے ہیں۔ ارنا کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے سنیچر کی رات سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنی تقریر میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کے تقریبا پچیس لاکھ فلسطینی عوام کے لئے روزآنہ پانچ سو ٹرک امداد بھیجنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی سربراہی اجلاس کے اختتامی بیان میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے اٹارنی سے صہونی حکومت کے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور فلسطینیوں کی جبری مہاجرت روکنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں اگرچہ یہ اجلاس تاخیر سے منعقد ہوا لیکن اگر اسلامی ملکوں، او آئی سی اور عرب لیگ کے سربراہان ضروری کوششیں عمل میں لائيں تو غزہ میں صیہونی حکومت کے جنگی جرائم رکنے کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔