Dec ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۱:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران نے برطانوی نمائندے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں برطانیہ کے نمائندے کے بے بنیاد الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ برطانیہ نے فلسطینی عوام کے طویل المدت رنج و آلام میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے ایک مراسلے میں، اس عالمی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل آنٹونیو گوترش اور اسی طرح سلامتی کونسل کے مرحلہ وار سربراہ کی حیثیت سے اقوام متحدہ میں ایکواڈور کےسفیر کو لکھا ہے کہ انتیس نومبر دوہزار تیئیس کو، فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے عنوان کے تحت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منعقدہ اجلاس میں برطانوی نمائندے کے ایران مخالف بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت اور اسے مسترد کرتا ہوں۔ اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ برطانوی وزیر داخلہ طارق احمد نے اس اجلاس میں اپنی تقریر میں، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور برطانیہ کی غیر مستحکم کرنے والی پالیسیوں کے تعلق سے اپنے ملک کی ذمہ داریوں کو نظر انداز کرتے ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران کو قصوروار ٹہرانے کی کوشش کی ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے کہا کہ بلاشبہ فلسطینی عوام کے طویل المدت مصائب و آلام میں برطانیہ، بنیادی کردار کا حامل ہے۔  ان مصائب و آلام کی منحوس جڑیں بالفور اعلامیے میں تلاش کرنی چاہیے کہ جس نے تقریبا ایک صدی سے فلسطینیوں کےلیے مشکلات کا آغاز کیا۔ فلسطین سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس میں برطانوی نمائندے نے فلسطین کے حالات میں ایران کے کردار کے حوالےسے الزام تراشی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کی طرف سے لاحق خطرات ناقابل قبول ہیں۔ برطانوی نمائندے نے دعویٰ کیا کہ ایران خطے میں اپنے پراکسی گروپوں اور شراکت داروں بشمول حماس، حزب اللہ اور فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کی طویل مدتی حمایت اور اپنی غیر مستحکم کرنے والی سرگرمیوں کے ذریعے، خطے کے لیے ایک ناقابل قبول خطرہ ہے۔ اس برطانوی عہدیدار نے بحیرہ احمر میں اسرائیلی حکومت کے گلیکسی لیڈر نامی بحری جہاز کو قبضے میں لینے کی بھی مذمت کی اور اس واقعے میں بھی ایران کے ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے عملے کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گلیکسی لیڈر کے غیر قانونی قبضے کی مذمت کرتے ہیں اور جہاز اور اس کے عملے کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ٹیگس