Dec ۰۶, ۲۰۲۳ ۲۰:۱۸ Asia/Tehran
  • مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کو ہر ممکن طریقے سے روکاجائے، ایران

ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام کو ہر ممکن طریقے سے روکا جانا چاہئے۔

 

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے بدھ کی شام تہران میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے وزیر لیو جیان چاؤ  Liu Jianchao  کے ساتھ ملاقات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین کے مثبت کردار اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمہ جانبہ بین الاقوامی کوششوں کے ذریعہ مظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام کو روکا جانا چاہئے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے وزیر لیو جیان چاؤ کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے 25 سالہ جامع اور اسٹریٹیجک معاہدے کی شکل میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں ہمہ جانبہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے وزیر لیو جیان چاؤ نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے 25 سالہ اسٹریٹیجک معاہدے کے دائرے میں ہمہ جانبہ تعاون میں فروغ کے لئے چین کی آمادگی کا اظہار کیا۔

لیو جیان چاؤ نے علاقائی امن و استحکام کی برقراری میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین خطے میں پائيدار سلامتی کے قیام کے لیے ایران کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے وزیر نے دنیا کے مختلف علاقوں میں امریکہ کے منفی کردار اور مداخلت پسندانہ اقدامات کا ذکر کیا اور امریکہ کی یکطرفہ روش کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ تعاون پر زور دیا۔

 

 

ٹیگس