شام میں شہید ہونے والے ایرانی کمانڈر کی آخری رسومات، نماز میت رہبر انقلاب اسلامی نے پڑھائی
تہران کے امام حسین اسکوائر پر شام میں صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والے ایران کے کمانڈر جنرل سید رضی موسوی کے جلوس جنازہ میں حکام و عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سحر نیوز/ ایران: شام میں شہید ہونے والے ایران کے کمانڈر جنرل سید رضی موسوی کی آخری رسومات میں آج صبح تہران میں ایران کے اعلی سول و فوجی حکام اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس سے قبل کل رات مشہدالمقدس میں حرم امام علی رضا علیہ السلام میں ان کی میت کو طواف کرایا گيا۔
تہران میں جلوس جنازہ میں شریک عوام نے اپنے ہاتھوں میں شہید جنرل قاسم سلیمانی شہید جنرل رضی موسوی اور مدافعین حرم کے دیگر شہدا کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ اللہ اکبر، لبیک یاحسین، اسرائیل مردہ باد، صیہونی ازم مردہ باد اور ہمارا نعرہ ہے یاحسین یا حسین اور شہادت ہمارے لئے باعث فخر ہے، جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع نامہ نگاروں اور صحافیوں کی کافی بڑی تعداد بھی دیکھی گئی۔
شہید رضی موسوی کی نماز میت رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پڑھائی اور نماز میت کے بعد آپ نے سورہ فاتحہ کی تلاوت کر کے ایصال ثواب کیا اور شہید موسوی کے اہل خانہ سے گفتگو میں اس شہادت کو ان کی طویل خدمات و زحمات کا بہترین صلہ قرار دیا۔
شہید جنرل موسوی کی میت ایران منتقل کئے جانے سے قبل شام میں حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر اور عراق نجف اشرف میں حضرت علی علیہ السلام کے حرم اقدس اور کربلائے معلی میں حضرت امام حسین اور بہتر شہدا کے حرم مطہر میں تشییع جنازہ کی گئی۔
واضح رہے کہ جنرل سید رضی موسوی کو غاصب صیہونی فوج نے دمشق کے زینبیہ علاقے میں دہشت گردانہ حملے میں شہید کردیا تھا۔