Jan ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
  • علاقائی مسائل پر ہالینڈ اور ایران کے وزرائےخارجہ کی بات چیت

اسلامی جمہوریہ ایران اور ہالینڈ کےوزرائے خارجہ نے ٹیلیفونی گفتگو میں دوطرفہ اورعلاقے کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ہالینڈ کی وزیر خارجہ ہینکے برونس سلاٹ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے ساتھ تاریخی روابط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کرمان کے دہشت گردانہ واقعے کی ایک بار پھر مذمت کی۔ ہالینڈ کی وزیر خارجہ نے عراقی کردستان میں دہشت گردوں کے خلاف انجام پانے والی کارروائی سے متعلق اپنے ملک کے موقف کو بیان کرتے ہوئے دونوں فریق کے درمیان صبر و تحمل کی ضرورت پر تاکید کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کےوزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کی خودمختاری اور ارضی سالمیت کا بھرپور احترام کرتا ہے اور تہران اور بغداد کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات ہیں، تاہم ریڈ لائن کے طور پر قومی سلامتی کا تحفظ، اسلامی جمہوریہ ایران کی ترجیح ہے۔ انہوں نے ہالینڈ کی وزیر خارجہ کے بیانات کے جواب میں کہا کہ ہمارے پاس ایسی کوئی دستاویز نہیں ہے کہ شمالی عراق میں موساد کے دہشت گردوں کے ہیڈ کوارٹر پر حملے میں ایک بچہ بھی مارا گیا ہے، لیکن ہم ہالینڈ کی حکومت کی توجہ غزہ میں ہزاروں فلسطینی خواتین اور بچوں کی نسل کشی اور قتل عام کی طرف مبذول کرانا چاہتےہیں۔

ٹیگس