صیہونی حکومت اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہيں کرسکی، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایران کویت پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ سے ملاقات میں کہا کہ صیہونی حکومت جو غزہ میں اپنا کوئی ہدف حاصل نہیں کر سکی ہے ، دہشتگردانہ کارروائیوں کے ذریعے اپنی شکست کا انتقام لینا چاہتی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کویت پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ مزروق الحبینی جو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ایران کے دورے پر ہیں اتوار کو ایران کے وزيرخارجہ امیرعبداللہیان سے ملاقات اور گفتگو کی۔ امیرعبداللہیان نے اس ملاقات میں دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کی جانب سے باہمی تعلقات کے ترجیحات میں رکھے جانے کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت میں کویت کی حکومت اور پارلیمنٹ کے موقف و کردار کو سراہتے ہوئے غزہ کے حالات کا جائزہ لیا اور صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطین کے نہتے عوام بالخصوص بچوں اور عورتوں کا قتل عام جاری رہنے کی جانب اشارہ کیا۔
امیرعبداللہیان نے کہا کہ صیہونی دشمن نے اگرچہ غزہ کو بری طرح تباہ اور دسیوں ہزار فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے لیکن اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کرسکا ہے اور اسی بنا پر وہ اندھادھند دہشتگردانہ اقدامات کے ذریعے اپنی شکست کا انتقام لینا چاہتا ہے۔
اس ملاقات میں کویت ایران پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ مرزوق الحبینی نے کہا کہ دونوں ملکوں کی پارلیمانوں اور عوام کے درمیان تعلقات کا فروغ باہمی تعلقات کے فروغ کی بہترین بنیاد ہے بنابرایں ہماری اولین ترجیح ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے ساتھ پارلیمانی دوستی کو فروغ دینا ہے۔