Jan ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۹:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے سفیر اسلام آباد اور تہران واپس، ایرانی وزیر خارجہ کا دورۂ اسلام آباد

ایرانی وزارت خارجہ کے ذرائع نے خبر دی ہے کہ ایران اور پاکستان کے سفرا اسلام آباد اور تہران میں اپنے اپنے سفارت خانے پہنچ گئے ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: ابھی حال ہی میں پاکستان میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ایران نے حملہ کیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے بھی ایران کے ایک سرحدی علاقے پر جوابی حملہ کیا تھا جو، پاکستانی حکومت کے مطابق پاکستانی دہشت گردوں کا اڈا تھا۔ یہ اقدامات ایران اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات متاثر ہونے کا سبب بنے لیکن دونوں ملکوں کے حکام نے کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے بعد پاکستان نے دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی میں کمی کے بارے میں ایران کے ساتھ مفاہمت کی خبر دی۔

دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کے نتیجے میں ایرانی سفیر، جو اس وقت ایران میں ہی تھے پاکستان واپس نہیں گئے اور پاکستانی سفیر کو بھی اسلام آباد طلب کر لیا گیا۔

بہرحال، ایران کی وزارت خارجہ اور پاکستان کی وزارت خارجہ نے، بعد ازاں، ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو کے بعد 26 جنوری تک دونوں ملکوں کے سفیروں کی اپنے اپنے سفارت خانے واپسی پر اتفاق ہو گیا ہے۔

دونوں ممالک کی وزارت خارجہ نے گزشتہ پیر کو مشترکہ بیان میں دونوں ممالک کے سفیروں کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان، اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر، پیر 29 جنوری کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

ٹیگس