Feb ۰۷, ۲۰۲۴ ۲۱:۱۱ Asia/Tehran
  • پرامن ایٹمی توانائی ایرانی عوام کا مسلمہ حق: صدر ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے تہران میں غیر ملکی سفیروں کے اجتماع میں کہا ہے کہ پرامن ایٹمی توانائی ایرانی عوام کا مسلمہ حق ہے۔

سحرنیوز/ ایران: ارنا کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے آج بروز بدھ ایران کے اسلامی انقلاب کی 45 ویں سالگرہ کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران میں متعین غیر ملکی سفیروں کے اجتماع میں پرامن ایٹمی توانائی کے حصول کے ایرانی عوام کے حق کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے فتوے کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی ڈکٹرائن میں ایٹمی ہتھیاروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ جن ممالک کے پاس بم اور ایٹمی وار ہیڈ ہیں وہ ایرانی عوام کو ان کے مسلمہ حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہم ان حقوق پر اصرار اور زور دیتے رہیں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی، آئی اے ای اے، نے 15 مرتبہ باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں کوئی انحراف نہیں ہے لیکن وہ اپنی بات پر قائم نہیں ہیں۔

سید ابراہیم رئیسی نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کو ایران کی خارجہ پالیسی کے اہم اصولوں میں قرار دیا اورغزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں وہ امریکہ اور مغرب کا کیا دھرا ہے، پردے مکمل طور پر ہٹ چکے ہیں اور ہم بچوں کا قتل عام اور نسل کشی کرنے والی صیہونی حکومت کے ہاتھوں ہزاروں بچوں کی شہادت کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

 

ٹیگس