امریکی فوجی افسر کی خود سوزی، غزہ کے بارے میں مغرب کی پالیسیوں کی رسوائی کا سبب ہے: رہبر انقلاب اسلامی
انتخابات میں پہلی بار ووٹ دینے کے اہل نوجوانوں اور شہدا کے اہل خانہ کی ایک بڑی تعداد نے آج رہبرانقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔
سحرنیوز/ ایران: رہبرانقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پارلیمانی انتخابات سے قبل آج خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ بھرپور اور پرجوش انتخابات ملک کا نظام چلانے اور ملک کی ترقی و پیشرفت کا ایک مضبوط ستون ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگر ہم یہ ثابت کرنے میں کامیاب رہیں کہ قوم ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے میدان میں بدستور موجود ہے تو گویا ہم نے ملک کو اور آگے بڑھایا ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ انتخابات کا حق ہماری قوم کو آسانی سے نہيں ملا ہے کیوں کہ اسلامی انقلاب سے پہلے ہمارے ملک میں استبداد اور آمریت کا دور تھا۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں امریکی فضائيہ کے ایک افسر کی خود سوزی کے واقعے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس امریکی فوجی افسر کی خود سوزی، غزہ کے بارے میں مغرب کی پالیسیوں کی رسوائی کا سبب ہے- آپ نے فرمایا کہ امریکا کی انسانیت سوز پالیسیوں کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ امریکی فضائيہ کا افسر خود کو آگ لگا لیتا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اتنے بڑے پیمانے پر ہے کہ مغربی اور امریکی ماحول میں تربیت پانے والا ایک فوجی افسر بھی برداشت نہیں کرسکا اور ثابت ہوگیا کہ مغربی تہذیب کس قدر ظالم اور منحرف اور فاسد ہے۔ آپ نے فرمایا کہ امید ہے کہ خداوند متعال اسلام و مسلمین، فلسطین اور خاص طور پر غزہ کی نصرت و مدد کرے گا۔