Mar ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۱ Asia/Tehran
  •  ایران و پاکستان کے تعلقات کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر تہران کا آزادی ٹاور سج گیا

یوم پاکستان اور ایران و پاکستان کے تعلقات کے آغاز کی 77 ویں سالگرہ کے موقع پر تہران کا آزادی ٹاور اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے پرچموں کے رنگ میں نظر آیا۔

سحرنیوز/ایران: ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے یوم پاکستان اور نوروز کے موقع پر تہران کے آزادی ٹاور میں منعقدہ پروگرام میں حصہ لیا جس میں دنوں ملکوں کے پرچم کی نمائش کی گئی اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔

تہران میں پاکستان کے سفارت خانے نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ یہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کی تاریخ میں پہلی بار ہے جو اس قسم کا خوبصورت پروگرام منعقد کیا گيا۔

بیان میں کہا گيا ہے کہ ایرانی پرچم کے ساتھ پاکستانی پرچم کی ویڈیو میپنگ کی گئی تاکہ دونوں برادر ملکوں کے قریبی تعلقات کی منظر کشی کی جا سکے ۔ اس پروگرام میں دونوں ملکوں کا قومی ترانہ بھی پیش کیا گيا۔

پاکستان کے سفیر نے اس پروگرام میں کہا کہ یہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک تاریخی لمحہ ہے جن کی مشترکہ تہذیب و تاریخ و روایات ہیں ۔ اس طرح کے پروگراموں سے دونوں ملکوں کے عوام کے تعلقات مزید گہرے ہوتے ہیں۔

اس پروگرام میں تہران میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔

ایران و پاکستان کے سفارتی تعلقات کو ستتر برس ہو چکے ہيں۔ سن انیس سو سینتالیس میں پاکستان کی آزادی کے بعد ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا اور اسلامی انقلاب کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستان بھی اسلامی جہموریہ ایران کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا۔

ٹیگس