Mar ۲۶, ۲۰۲۴ ۲۲:۰۲ Asia/Tehran
  • عالم اسلام کی سب سے بڑی قرآنی محفل تہران میں (تصاویر+ویڈیو)

ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک عظیم الشان قرآنی محفل کا اہتمام کیا گیا۔ قرآنی مرکزیت کے ساتھ ہونے والی اس کم نظیر محفل کے لئے ملک کے سب سے بڑے اسٹیڈیم ’’آزادی‘‘ کو چُنا گیا جو قرآن و اہل بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں سے چھلک اٹھا۔ (تصاویر: تسنیم نیوز)

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک عظیم الشان قرآنی محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں تقریبا ایک لاکھ افراد نے شرکت کی۔ انفرادی نوعیت کے اس قرآنی جشن کو عالم اسلام کا سب سے بڑا قرآنی جشن قرار دیا جا رہا ہے جس کا انعقاد بہار قرآن ماہ رمضان کے پیش نظر نواسۂ رسول (ص)، سبط اکبر حضرت حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر کیا گیا۔

اس قرآنی محفل کی میزبانی ایران کے معروف قرآنی ٹی وی شو ’’محفل‘‘ کے میزبانوں نے کی۔

اس قرآنی جشن کی ایک خاص بات یہ بھی رہی کہ اس میں فلسطین اور بالخصوص غزہ کے مظلوم عوام کو خصوصی طور پر یاد کیا گیا اور صیہونی جارحیت کا شکار ہونے والے اور ساتھ ہی طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی جیالوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور انکی یاد میں آیاتِ ربانی کی تلاوت کی گئی اور ترانے پیش کئے گئے۔

اسکے علاوہ فلسطینی شہدا کی یاد اور فلسطین کی عنقریب آزادی کی تمنا کے ساتھ سیکڑوں کی تعداد میں کبوتر بھی فضا بھی اڑائے گئے۔

قابل ذکر ہے کہ اس عظیم الشان قرآنی اجتماع میں جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ بھی حاضر ہوئے اور انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں فلسطینی عوام کی مسلسل اور حقیقی حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ  ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کے ابدان تو یہاں ہیں مگر انکی ارواح فلسطین میں رہتی ہیں۔ فلسطینی رہنما نے یہ بھی واضح کیا کہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے خلاف ہونے والی مزاحمت و استقامت کا سرچشمہ یہی قرآن ہے اور مکتب قرآن و اسلام کے پروردہ ہی اس وقت غاصب صیہونیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

زیاد النخالہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ فلسطین آزاد ہو کر رہے گا۔

ٹیگس