Apr ۰۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • یوم قدس مسئلہ فلسطین کے حل کی علامت ہے، صدر رئیسی

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے عالمی یوم قدس کو جارح صیہونیوں پر فلسطینی عوام کی عنقریب کامیابی کی یادآوری اور مسئلہ فلسطین کے حل اور مقبوضہ علاقوں سے غاصبوں کے نکال باہر کرنے کے لئے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کی علامت قرار دیا۔

سحرنیوز/ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے عالمی یوم قدس کی مناسبت سے منعقدہ قدس ٹریبون ورچوئل کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ جمعہ الوداع کو عالمی یوم قدس قرار دینے سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی تاریخی اور مدبرانہ تدبیر فلسطینی امنگوں کو باقی رکھنے منجملہ تحریک استقامت اور امت مسلمہ میں اتحاد کے لئے الہام بخش اور وحدت آفریں تدبیر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک بیت المقدس پر صیہونیوں کا قبضہ جاری ہے اس وقت تک رہبر انقلاب اسلامی کی تعبیر کے مطابق ہر دن یوم قدس اور یوم بیت المقدس ہے اور اس سلسلے میں یہ تحریک بدستور جاری رہے گی۔ صدر ایران نے غزہ کے عوام کی استقامت کی کامیابی کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طوفان الاقصی میں فلسطینیوں کی غیرت و ایمان اور شجاعت و بہادری سے آج سب پر یہ بات واضح ہو گئي ہے کہ صیہونزم کا ڈھانچہ مکڑی کے جالے سے بھی کہیں زیادہ کمزور ہے اور پوری دنیا وعدہ الہی پورا ہونے کا مشاہدہ کر رہی ہے۔
کانفرنس میں فلسطین کے جہادی اور اسلامی محاذ کے رہنماؤں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔

ٹیگس