Apr ۱۴, ۲۰۲۴ ۰۳:۳۵ Asia/Tehran
  • امریکہ اسرائیل کی شرپسندانہ حرکتوں کا ذمہ دار ہے: سپاہ پاسداران

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اسرائیل پرحملے کے حوالے سے دوسرا بیان جاری کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے پر صیہونی حکومت کے میزائلی حملے اور ایران کے 7 فوجی مشیروں کی شہادت کے بعد جو کہ قانونی طور پر شام میں موجود تھے، بین الاقوامی اداروں کی خاموشی 10 دن تک جاری رہی جس کے بعد اقوام متحدہ کے منشور کی 7ویں شق کے مطابق سفاک صیہونی حکومت کے اس جرم اور ماضی کے جرائم پر اسے سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

سپاہ پاسداران کے بیان میں آیا ہے کہ انٹیلی جنس، میزائلی اور ڈرون صلاحیتوں کے پیش نظر مقبوضہ سرزمینوں پر حملہ کر کے متعدد عسکری اہداف کو کامیابی کے ساتھ تباہ کردیا گیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجک پالیسی کے پیش نظر امریکہ کی دہشت گرد حکومت کو خبردار کیا جاتا ہے کہ ایران کے مفادات پر ممکنہ حملوں میں ملوث ہونے یا اس کی ہرطرح کی حمایت کی صورت میں، اسے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سخت اور پشیمان کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکہ صیہونی حکومت کے شرپسندانہ حرکتوں کا ذمہ دار ہے اور اسے لگام نہ دینے کی صورت میں اسے اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

 سپاہ پاسداران نے اس بیان میں علاقائی ممالک سے ہمسائیگی کے اصولوں کے پابند رہنے کی پالیسی پر کاربند رہنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرکسی بھی ملک کی جانب سے امریکہ اور صیہونیوں کی دہشت گرد حکومتوں کے ساتھ کوئی بھی خطرناک اقدام کیا گیا تو اسلامی جمہوریہ ایران مناسب جوابی کارروائی کرے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی  نےایران کے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ملک اور قومی مفادات کے دفاع کے لئے اپنی جان ہتھیلی پر لئے کھڑی ہیں اور ملک کی سلامتی اور عوام کے  امن وسکون کو ختم کرنے والے دشمن کے ہر اقدام کو ناکام بنانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ٹیگس