May ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ایران کی اصولی پالیسی کا حصہ ہے:  نگراں وزیر خارجہ

ایران کے نگراں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ایران کی اصولی پالیسی کا حصہ ہے اور علاقائی تعاون کے عمل کو مسلسل آگے بڑھایا جاتا رہے گا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان سے جنھوں نے ایران کے صدر شہید سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ شہید حسین امیر عبداللہیان کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے تہران کا دورہ کیا، ہونے والی ملاقات میں کہا کہ سخت مراحل اور حالات میں ہمدردی و ہمدلی اور اسی طرح مسائل و مشکلات اور خطرات کے مقابلے میں جو علاقائی امن و استحکام کے خطرہ ہیں، ہم آہنگی اور فراہم ہونے والے مواقع سے مشترکہ طور پر فائدہ اٹھانے کے لئے تعاون، گرانقدر سرمایہ ہے۔

انھوں نے خارجہ پالیسی اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کی بہتری کو ایران کے شہید صدر سید ابراہیم رئیسی کے نقطہ نظر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی جانب سے اس پالیسی کی حمایت کے ساتھ پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ایران کی اصولی پالیسی کا حصہ ہے اور علاقائی تعاون کے عمل کو مسلسل آگے بڑھایا جاتا رہے گا۔

ایران کے نگران وزیر خارجہ علی باقری کنی نے کہا کہ پڑوسی اور بڑے اسلامی ملکوں خاصطور سے مصر کے ساتھ تعلقات کی تقویت سے متعلق ایران کے صدر شہید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ شہید حسین امیرعبداللہیان کی کوششیں خاص اہمیت کی حامل ہیں اور ایران کی یہ کوششیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی نے اسی طرح مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جو ایران کے شہید صدر سید ابراہیم رئیسی اور شہید وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی آخری رسومات میں شرکت اور تعزیت پیش کرنے کے لئے تہران کے دورے پر آئے، کہا کہ بڑے اسلامی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے شہید صدر سید ابراہیم رئیسی اور شہید وزیر خارجہ کے نقطہ نظر اور کوششوں کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات کا عمل، جو خصوصی اہتمام اور دونوں ملکوں اور قوموں کے مفادات کی بنیاد پر شروع ہوا ہے، دونوں ملکوں کے سربراہوں کے مطلوبہ نتائج کے حصول تک مکمل سنجیدگی کے ساتھ جاری رہے گا۔ اس ملاقات میں مصر کے وزیر خارجہ نے بھی ایران کے صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت پر ایران کی حکومت اور قوم کو تعزیت پیش کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ اپنے گہرے اور خوشگوار تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ پائیدار عمل اور بنیادی اصول طور پر دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اور صلاح و مشورے جاری رکھے جانے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھی شہدا کے جنازے میں شرکت کے لئے تہران آنے والے دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ نے بھی نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی سے ملاقات میں انہیں صدر شہید سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ شہید ڈاکٹر حسین امیر عبداللّہیان نیز ہیلی کاپٹر حادثے میں دیگر اہم شخصیات کی شہادت کی تعزیت پیش کی ۔

مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ نے ان ملاقاتوں میں شہید وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللّہیان کی کامیاب سفارت کاری بالخصوص عالم اسلام اور فلسطین کے حوالے سے ان کی فعال ڈپلومیسی کو بے مثال قرار دیا۔

ان ملاقاتوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے کہا کہ عالمی مسائل بالخصوص اسلامی دنیا اور فلسطین کے حوالے سے شہید صدر اور شہید وزیر خارجہ کی پالیسیاں جاری رہیں گی۔

یاد رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان کی شہادت کے بعد عبوری صدر محمد مخبر نے وزرات خارجہ کا انچارج علی باقری کنی کو بنا دیا ہے جو اس سے پہلے نائـب وزیر خارجہ تھے۔

ٹیگس