اپنے شہریوں اور یونیورسٹی طلبا کی سرکوبی کرنے والے دوسروں کو انسانی حقوق اور اخلاقیات کا درس دیتے ہیں: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکا اور فرانس کے صدور کے مشترکہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے اس کو مسترد کردیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے امریکا اور فرانس کے مشترکہ بیان کو جس میں ایران کے خلاف بے بنیاد اور ناقابل قبول الزامات لگائے گئے ہیں مسترد کردیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ یہ غلط اور بے بنیاد بیان سیاسی اہداف و محرکات کے تحت تیار کیا گیا ہے اور ان کی شکست خوردہ پالیسیوں کا ہی تسلسل ہے۔
انھوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم نے بارہا کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران این پی ٹی اور سیف گارڈ معاہدے نیز مسلمہ بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ تعاون کا پابند ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف مہم اور علاقے نیز دنیا میں سلامتی اور امن و ثبات کی تقویت میں ایران کا کردار ناقابل انکار ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ یوکرین تنازع کے آغاز سے اب تک اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات کے سیاسی حل کی حمایت پر مبنی رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کتنی مضحکہ خیز بات ہے کہ پندرہ ہزار بچوں اور ہزاروں خواتین کا قتل عام کرنے والی بچوں کی قاتل اسرائيلی حکومت کے حامی اور صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم پر احتجاج کرنے والے اپنے شہریوں اور یونیورسٹی طلبا کی سرکوبی کرنے والے پوری ڈھٹائی کے ساتھ دوسروں کو انسانی حقوق اور اخلاقیات کا درس دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ فرانس کے صدر کو ہم نصیحت کریں گے کہ وہ خاص طور پر دفاع اور سیکیورٹی میں یورپ کی جانب سے امریکہ کی پیروی نہ کئے جانے پر مبنی اپنے حالیہ بیان کے دائرے میں، ایران کے خلاف امریکا کی معاندانہ پالیسیوں کے سلسلے میں بھی اپنی روش کی اصلاح کریں۔