Jun ۲۸, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • کینیڈا کے غیر قانونی اقدام کی مذمت، اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب امیرسعید ایروانی

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ کینیڈا کا اشتعال انگیز اقدام دہشت گردی کے خلاف مہم کے لئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ارادے کو متاثر نہیں کرسکتا۔

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے چیئرمین اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام خط میں لکھا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے آئین کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران  کی مسلح افواج کا حصہ ہے جس کو کینیڈین حکومت نے خطرناک سیاسی محرکات کے تحت غیر قانونی طور پر نام نہاد دہشت گرد گروہ کا نام دیا ہے۔
امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف حکومت کینیڈا کے اس غیر قانونی اقدام کو دشمنانہ عمل اور علاقائی نیز بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرناک سمجھتے ہیں۔  
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ  ایران کے سفیر نے  لکھا ہے کہ القاعدہ، داعش، جبہۃ النصرہ اور علاقے کے دیگر مسلمہ دہشت گرد گروہوں کی سرکوبی میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے اور خطے کی حکومتوں نے سپاہ پاسداران کی قدردانی کی ہے۔
انہوں نے اپنے مکتوب میں واضح کیا ہے کہا سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی سمیت ایران کی مسلح افواج  خطے کی  حکومتوں اور اقوام کی حمایت میں دہشت گردی کے خلاف مجاہدت اور دہشت گرد گروہوں کی بیخ کنی کا  سلسلہ جاری رکھنے پر مصمم ہیں اور  حکومت کینیڈا کا یہ غیرقانونی اور اشتعال انگیز اقدام اس عزم و ارادے کو ہرگز متاثر نہیں کرسکتا۔
امیر سعید ایروانی نے اسی کے ساتھ واضح کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کینیڈین حکومت کے اس غیر قانونی اور اشتعال انگیز اقدام کے جواب کا حق اپنے لئے محفوظ سمجھتا ہے۔ 

ٹیگس