Jul ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • دنیا کے مختلف ممالک کے رہنماؤں اور حکام نے مسعود پزشکیان کو صدر منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی

دنیا کے مختلف ممالک کے رہنماؤں اور حکام نے ایران کے چودھویں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی سے ہمکنار ہونے والے امیدوار ڈاکٹرمسعود پزشکیان کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوار مسعود پزشکیان کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے کہا ہے کہ روس اور ایران کے تعلقات دوستانہ اور اچھی ہمسائیگی پر مبنی ہیں۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بھی ایران کے نومنتخب صدر مسعود پزشکیان کے نام ایک پیغام میں انہیں ایران کے نویں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھی اپنے ایک پیغام میں مسعود پزشکیان کو ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔

ونزوئلا کی حکومت نے بھی مسعود پزشکیان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ایک بیان میں، اس نئے مرحلے میں دونوں قوموں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کاراکاس کی آمادگی پر زور دیا۔

بولیوی کے وزیر خارجہ ایوان خیل نے بھی ایکس سوشل نیٹ ورک پر اپنے اکاؤنٹ میں لکھا ہے کہ بولیویرین جمہوریہ ، اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کو پانچ جولائی دوہزار چوبیس کو جمہوریت سے وابستگی کا اظہار کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہے-

جمہوریہ آذربائیجان کے صدرالہام علی اف نے بھی مسعود پزشکیان کو ایران کے چودھویں صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ باکو اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو ، جو مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، بہت اہمیت دیتا ہے-

عراقی صدر عبداللطیف رشید نے بھی مسعود پزشکیان کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور عراق اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزيد مضبوط بنانے کے لیے بغداد کی کوششوں پر زور دیا -عراق کی قومی حکمت دھڑے کے رہنما عمار حکیم نے بھی ایران کے صدارتی انتخابات میں پزشکیان کی کامیابی پر اپنے مبارکبادی پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ ایران کے نئے صدر، خطے اور دنیا کے تنازعات کو حل کرنے میں مدد کریں گے۔

شام کے صدر بشار اسد نے بھی مسعود پزشکیان کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں ان پر ایرانی عوام کے اعتماد اور انتخابی عمل کی کامیابی پر رہبر معظم انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

ایک بیان میں شنگھائی تعاون تنظیم نے بھی مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اس تنظیم کے رکن ملکوں کی ترقی و پیشرفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹیگس