Jul ۱۸, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • مختلف ملکوں کے سربراہوں کی ایران کے نومنتخب صدر کو مبارکباد

ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے مختلف ممالک کے سربراہوں نے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے بدھ کے روز ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ایران میں صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایران اور قطر کے تعلقات تاریخی اور مستحکم ہیں۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی تہران دوحہ روابط کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان کی حکومت قطر کے ساتھ ہمہ گیر روابط کے فروغ پر سنجیدگی کے ساتھ کام کرے گی۔
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے نومنتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ٹیلی فون کرکے صدارتی انتخابات میں کامیابی کی مبارکباد پیش کی اور تہران ریاض روابط کی تقویت پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایران کے نومنتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی تعلقات کی تقویت اور فروغ سے متعلق ان کے نظریات کی قدردانی کی۔
اس کے علاوہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے بھی ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں توسیع کے لئے تمام امکانات و وسائل سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ ملائیشیا اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات میں توسیع کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ ایران کے نو منتخب صدر نے بھی ملائیشیا کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت پر مبنی ملائيشیا کے موقف کو سراہا۔

ٹیگس