حضرت علی علیہ السلام کے فرمان کو نمونہ بنا کر ایران کے منتخب صدر نے ملک کے عوام سے کی اپیل
منتخب صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ میں آپ کی جانب سے ملنے والے مینڈیٹ کو اپنی گردن پر ایک سنگین طوق سمجھتا ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کی باتیں سنوں گا اور ان پر عمل کروں گا۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے کہا کہ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ حق بات کہنے اور منصفانہ مشورہ دینے سے گریز نہ کرو بنابرایں میں مولا علی کے اس قول کے مطابق میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ حق کہنے اور مجھے مشورہ دینے سے کبھی گریز نہ کریں کیونکہ میں خود کو خطاؤں اور غلطیوں سے بالاتر نہیں سمجھتا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ میں اپنی حکومت میں باہمی گفت و شنید اور ملی یک جہتی کے فروغ کے لئے کام کروں گا اور سبھی اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں عوام کی مشارکت بڑھاؤں گا۔ انھوں نے کہا کہ وہ رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے اس فرمان کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دیں گے کہ ہم سب ایک ساتھ رہیں، ملک آپ کا اپنا ہے تو پھر ایک، اس طرف اور ایک اس طرف کیوں جائے؟
مسعود پزشکیان نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت نظام کے سبھی بنیادی ارکان سے ہم آہنگ ہوکر کام کروں ۔ انھوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے رہنما فرمودات و ہدایات کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ ان انتخابات میں عوام کی مشارکت اور امیدواروں کے درمیان مقابلہ آرائی کے صحیح و سالم رہنے میں رہبر معظم انقلاب کی ہدایات کا بنیادی کردار رہا ہے۔ منتخب صدر نے کہا کہ آج سے عوام کے میدان میں موجود رہنے اور اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھنے نیز میری جانب سے اپنے وعدوں پر عمل کرنے کے ایک نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے۔