Jul ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۳:۰۸ Asia/Tehran
  • امام حسین (ع) کے زائرین امام علی رضا (ع) کے ہوں گے مہمان، ایران کے سبھی باڈروں پر آستان قدس رضوی کی تیاریاں مکمل

آستان قدس رضوی کی جانب سے ملک کے اندر اور سرحد پار زائرین کو خدمات کی فراہمی کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔

سحرنیوز/ایران: آستان قدس رضوی کی کرامت رضوی فاؤنڈیشن کی اربعین کمیٹی کے سیکریٹری نے چہلم امام حسین علیہ السلام پر آنے والے زائرین کو ملک کے اندر اور عراق میں خدمات فراہم کرنے سے متعلق تفصیلات بتائی ہیں۔ جناب احمد میرزادہ نے آستان نیوز کے نمائندہ کو چہلم امام حسین(ع) کے لئے اب تک کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ آستان قدس رضوی سے وابستہ کرامت رضوی فاؤنڈیشن، ترجیحات اور ضروریات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے اربعین حسینیؑ کے زائرین کو خدمات فراہم کرے گی۔

جناب احمد میرزادہ نے کہا کہ آستان قدس رضوی کی اربعین کمیٹی میں منعقد ہونے والی میٹنگوں میں یہ طے پایا ہے کہ گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی عراق،پاکستان اور افغانستان کے ساتھ مشترکہ سرحدی علاقوں اورزائرین کی رفت وآمد والے راستوں پر غیر ملکی زائرین کو خدمات فراہم کی جائیں گی ، اس کے علاوہ عراق میں لگائے جانے والے موکبوں کے ساتھ تعاون اورعراقی موکب داروں کی تکریم اور قدردانی کے لئے خدّام بھی بھیجے جائیں گے۔ کرامت رضوی فاؤنڈیشن کی اربعین کمیٹی کے سیکریٹری نے بتایا کہ ترجیحات اور ضروریات کی نشاندہی کے لئے سرحدی علاقوں کا جائزہ لیا جاچکا ہے اور ملک بھر میں اربعین حسینیؑ کے خدمت گزاروں کے نیٹ ورک کو مختلف جگہوں پر خدمت کرنے کا دستوراور طریقہ کار بھی بتایا چکا ہے۔

آستان قدس رضوی کی کرامت رضوی فاؤنڈیشن کی اربعین کمیٹی کے سیکریٹری جناب احمد میرزادہ

جناب میرزادہ نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند دنوں میں خسروی،مہران،چزابہ اور شلمچہ بارڈر کے فیلڈ وزٹ کے دوران گزشتہ سال کی ضروریات اور جائزہ کی بنیاد پر بات چیت کی گئی ہے تاکہ اس سال اربعین امام حسین علیہ السلام پر آنے والے زائرین کو بہتر اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی مغربی سرحدوں کے علاوہ مشرقی سرحدوں پربھی افغان زائرین کو دوغارون بارڈر اور پاکستانی زائرین کو ریمدان اور میرجاوہ باڈر پر ضروری خدمات فراہم کی جائیں گی۔

کرامت رضوی فاؤنڈیشن کی اربعین کمیٹی کے سیکریٹری نے کہا کہ آستان قدس رضوی کا مرکزی موکب اور مرکزی خدمات مہران بارڈر پر فراہم کی جائیں گی اور اس کے لئے ایران کے مہران بارڈر پر ایک بڑا باورچی خانہ بنایا گیا ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر زائرین کے لئے کھانا تیار کیا جائے گا۔

 

ٹیگس