صیہونیوں کی بربریت کے خلاف خاموشی اس کو مزید گستاخ بنا رہی ہے، ایران کے مقائم مقام وزیرخارجہ
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے کہا کہ تجربے سے ثابت ہوچکا ہے کہ صیہونیوں کی فوجی اور سیکورٹی بربریت کے خلاف خاموشی اس شیطانی مخلوق کو مزید گستاخ بنا رہی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے جمعرات کے روز جاپانی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں گذشتہ دس مہینوں کےدوران غزہ میں شہری اہداف منجملہ اسکولوں، مساجد، اسپتالوں اور دیگر شہری انفراسٹرکچر اور تنصیبات پر بمباری اور ان کی تباہی و بربادی نیز صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینوں کی نسل کشی اور وحشیانہ قتل عام کو انسانیت کے خلاف جنگی جرائم کی واضح مثال قرار دیا ہے۔
باقری کنی نے مزید کہا کہ اس ناقابل برداشت صورت حال کی بنیادی وجہ ایک طرف تل ابیب میں حکمراں مجرم ٹولے کو حاصل امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی بےدریغ حمایت ہے تو دوسری طرف بعض دیگر مغربی ممالک کی اس جارح اور نسل پرست حکومت کے برملا جرائم کے خلاف خاموشی ہے۔
اس گفتگو میں جاپان کی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے بھی مغربی ایشیائی خطے میں کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں کے مفادات کے مطابق صورتحال کو پرسکون بنانے اور کشیدگي کم کرنے پر زور دیا۔ علی باقری اور کامیکاوا نے دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی بات چیت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔