Sep ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • اسرائیل اور اس کے حامی سب سے بڑے دہشت گرد ہیں:  صدرایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اناسی ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کے دورے پر تھے، بدھ کی رات مقامی وقت کے مطابق اپنے وفد کے ساتھ نیو یارک سے ایران کے لئے روانہ ہوئے۔

سحرنیوز/ ایران: جمعرات کو نیویارک کے اپنے دورے کے اختتام پر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اپنے تین روزہ دورے کے دوران ہم نے پندرہ سے زائد ممالک کے سربراہان سے بات چیت کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ان مذاکرات میں زیادہ ترغزہ ، فلسطین اور لبنان کے مسائل پر بات چیت ہوئی اور ہم نے واضح طور پر کہا کہ اسرائیل اور اس کی حمایت کرنے والے، انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیں اور یہ دعوی کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامی سب سے بڑے دہشت گرد ہیں، کیونکہ وہ غزہ اور لبنان میں بے گناہ لوگوں پر آسانی سے بمباری کر رہے ہیں اور اپنے ہتھیاروں اور طاقتور بموں کے ذریعے ان کے گھروں کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے تمام راستے بند کر دیئے ہیں اور لوگوں تک پانی، خوراک اور ادویات تک پہنچنے نہیں دے رہے ہيں- انہوں نے مزید کہا کہ ان مذاکرات میں ہم نے کہا کہ صیہونی حکومت اور اس حکومت کی حمایت کرنے والے ظالم ہیں کہ جو انسانی حقوق کا محض دعوی کرتے ہیں۔

صدر مملکت مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے میڈیا کے افراد ، امریکہ میں مقیم ایرانیوں، اور ایرانی سیاست دانوں اور محققین سے ملاقات کی اور ہم نے دو امریکی میڈیا اداروں کے ساتھ بات چیت کی اور ہمارے وزیر خارجہ جناب عباس عراقچی نے بھی اپنے ہم منصبوں سے ملاقات اور بات چیت کی۔

جمعرات کو ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ میں لکھا کہ نیویارک میں علاقائی و عالمی ممالک کے حکام کے ساتھ ہماری اور وزیر خارجہ عراقچی کی ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ ازبکستان میں بھی ایشیائی ممالک کے ساتھ وزیر خزانہ کے مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں سینئر نائب صدر بھی پاکستان اور آرمینیا کا دورہ کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ یہ دورے لوگوں کی زندگیوں میں گشائش پیدا کریں گے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ چودہویں حکومت مغرب سے مشرق تک اور نیویارک سے سمرقند تک، دنیا کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی سفارت کاری میں کوشاں ہے، اور جیسا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا ہم قومی مفادات کی بنیاد پر مشرق اور مغرب کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے نیویارک میں مقیم ایران کے سیاسی ماہرین سے خطاب میں ملک کے مسائل کے حل  کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ میں مقیم سیاسی ماہرین کے ایک گروپ سے ملاقات میں کہا ہے کہ دنیا کے ہر کونے میں موجود ایرانیوں کی مدد سے ہم ملکی مسائل کے حل اور ترقی کی نئی راہوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

ایران کے صدر نے کہا کہ ہم معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کر کے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صدر ایران نے کہا کہ پڑوسیوں کے ساتھ روابط کا فروغ اور ملکی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا حکومت کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

ٹیگس