خلیج فارس تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا خیرمقدم، ایران کے وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران اور خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے پڑوسیوں پر ایران کی مسلسل توجہ اور تمام علاقائی ملکوں کے تعاون سے ایک مضبوط علاقہ بنانے کی سمت گامزن رہنے پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران اور خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک ملاقات میں تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور خطے کے ممالک کے ساتھ ہم آہنگی اور تمام شعبوں میں تعاون پر زور دیا ہے۔ اس نشست میں جو قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کی صدارت میں منعقد ہوئی، اسلامی جمہوریہ ایران اور خلیج فارس تعاون کونسل کے ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی حالات کا جائزہ لیا اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کی راہ تلاش کرنے کے لئے باہمی تعلقات میں توسیع اور مذاکرات جاری رہنے پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے خطے کی ترقی و پیشرفت کو اس کے استحکام اور سلامتی پر منحصر قرار دیا اور امید ظاہر کی ہے کہ علاقائی ممالک کے تعاون اور ہم آہنگی سے خطے کی سلامتی اور ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔