ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں کشیدگی اور جنگ پھیلانا نہیں چاہتا لیکن جنگ سے ڈرتا بھی نہیں اور صیہونی حکومت کی ہر نئی مہم جوئی کا مناسب اور محکم جواب دےگا۔
سحرنیوز/ایران: وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے پیر کو اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی کے ساتھ ٹیلیفون پر علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں لبنان اور غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کے حملے روکنے اور ان حملوں کے نتیجے میں دربدر ہونے والوں تک انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کے لئے سفارتی کوششیں بڑھانے پر زور دیا۔
وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے حالیہ دورہ بیروت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کی اسلامی استقامتی تحریک حزب اللہ بہت اچھی پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنان کے مجاہدین صیہونی فوج کے ممکنہ زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
سید عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں جنگ اور کشیدگی پھیلانا نہیں چاہتا لیکن جنگ سے ہرگز نہیں ڈرتا اور غاصب صیہونی حکومت کے ہر جارحانہ اقدام اور نئی مہم جوئی کا ٹھوس اور مناسب جواب دے گا۔