ایران اور اردن علاقے کی سلامتی اور استحکام چاہتے ہیں، ایرانی وزارت خارجہ کا بیان
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایران اور اردن دونوں ہی علاقے کی سلامتی اور استحکام چاہتے ہیں اور موجودہ صورتحال کو غزہ اور لبنان پر صیہونی حکومت کی جارحیتوں کا نتیجہ سمجھتے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ وزير خارجہ ڈاکٹرعراقچی نے شاہ اردن سے ملاقات میں علاقے میں سلامتی کی وجودہ صورتحال کو غزہ اور لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیتوں اور جرائم کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
اسماعیل بقائی نے بتایا کہ اس ملاقات می باہمی روابط کے فروغ اور استحکام کے لئے دونوں ملکوں کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ ایران اور اردن صیہونی حکومت کی جارحیتوں اور جرائم کا سلسلہ بند کرانے، بے گناہوں کی جان کی حفاظت اور علاقے کی سلامتی اور ثبات کی پاسداراری کے لئے محکم یک جہتی اور اجتماعی اقدام کی ضرورت پر یقین رکھتے ہیں۔