مغرب کو تہران کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے بہت سے اقدامات کرنے ہوں گے: ایرانی وزیر خارجہ
نئے امریکی صدر کی جانب سے ایران کے ساتھ معاہدے کی خواہش کے اظہار کے جواب میں ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مغرب کو تہران کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے بہت سے اقدامات کرنے ہوں گے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ "اچھا" ہوگا کہا کہ امریکی صدر کی باتوں کو سننے کے لیے تیار ہونے کے باوجود، دوہزار پندرہ میں ہونے والے معاہدے کے پیش نظر ایران کو بات چیت کے لئے راضی کرنے اور ایک نئے معاہدے تک پہنچنے کے لئے، مغرب کی جانب سے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
اسکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ نے جنگ کے بعد غزہ پر ٹرمپ کے متنازع بیان اور فلسطینیوں کی ہمسایہ ممالک کی طرف جبری نقل مکانی کے ردعمل میں اور ڈنمارک کے زیر اقتدار گرین لینڈ جزیرے کو خریدنے کے ٹرمپ کے ارادے کے حوالے سے کہا کہ فلسطینیوں کی نقل مکانی کے بجائے ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ اسرائیلیوں کو مقبوضہ فلسطین سے نکال باہر کریں اور انہیں گرین لینڈ بھیجیں تاکہ ایک تیر سے دو نشانے سادھ سکیں-
واضح رہے کہ دوہزار اٹھارہ میں اپنے پہلے دور صدارت میں ٹرمپ نے جھوٹے بہانوں کے تحت، امریکہ سمیت عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے جوہری معاہدے سے دستبرداری اختیار کرلی تھی اور "زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم" کی پالیسی اپناتے ہوئے، اس معاہدے کےتحت ہٹائی گئی پابندیاں دوبارہ بحال کردیں اور ایران کے خلاف نئی پابندیاں بھی عائد کر دیں-