ایرانی وزارت خارجہ نے فلسطینیوں کو زبردستی اردن اور مصر کوچ کرانے پر مبنی امریکی صدر کا بیان سختی کے ساتھ مستر کر دیا
اسلامی جمہوریہ ایران نے غزہ میں نسلی تصفیے اور امریکی قبضے کی سازش کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان جاری کر کے امریکی صدر ٹرمپ کے اس موقف کو فلسطین کو ختم کرنے کے لئے صیہونی حکومت کی سازش کا تسلسل قرار دیا اور بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے اس سازش کی مخالفت کا مطالبہ کیا۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ فلسطینی قوم جس نے صیہونیوں کے تمام مظالم اور جرائم کے باوجود گزشتہ چھہتر سال سے استقامت کا راستہ اختیار کیا ہوا ہے اور اپنی آبائی سرزمین کو چھوڑا نہیں ہے، آج بھی امریکہ اور غاصب صیہونیوں کو فلسطینیوں کی قومی اور تاریخی شناخت کو ختم کرنے نہیں دے گی۔ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکی صدر کا حالیہ بیان ، کہ جس میں فلسطینیوں کو زبردستی اردن اور مصر کوچ کرانے کی بات کہی گئی ہے، بین الاقوامی اصولوں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اسی لئے اسے سرے سے مسترد اور اس کی مذمت کی جاتی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم سے بھی ٹھوس موقف اپنانے کا مطالبہ کیا۔