Feb ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ کا فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی سازش کے خلاف اسلامی ممالک کی جانب سے مشترکہ موقف اختیارکئے جانے پر زور

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے پاکستانی اور تیونسی ہم منصبوں نیز اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کرنے کے منصوبے کے خلاف اسلامی ممالک کے درمیان ایک متحدہ موقف اپنانے پر زور دیا ہے ۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران علاقے کی تازہ ترین صورتحال بالخصوص مقبوضہ فلسطین کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا- ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطین پر اسرائيلی قبضے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف فلسطینی عوام کی جائز مزاحمت کے حق میں پاکستانی حکومت اور عوام کی حمایت کو سراہتے ہوئے غزہ سے فلسطینیوں کی زبردستی نقل مکانی کے منصوبے کو "فلسطین کو مٹانے" کے استعماری منصوبے کا حصہ قرار دیا۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے بھی فلسطینی اراضی پر قبضے کے کسی بھی نقشے یا منصوبے کی مذمت اور اسے مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کی ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کا احساس دلانے اور قبضہ ختم کرانے میں مدد کریں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اورتیونس کے وزیر خارجہ محمد علی النفطی نے بھی ٹیلیفونی گفتگو میں علاقے کی صورتحال خاص طور پر مقبوضہ فلسطین کے مسئلے اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا- ایران کے وزیر خارجہ نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے منصوبے کو "فلسطین کو مٹانے" کے استعماری منصوبے کا حصہ قرار دیا اور اس کی مذمت کرتے ہوئے اس خطرناک سازش کے خلاف دنیا کے تمام ممالک سے مضبوط اور متحدہ موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

 

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل کے ساتھ بھی ایک ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کو زبردستی نکال باہر کرنے کا منصوبہ نہ صرف بہت بڑا جرم اور "نسل کشی" کے مترادف ہے، بلکہ اس کے خطے اور دنیا کے استحکام اور سلامتی کے لیے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے بھی فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والے جرائم کی مذمت کی اور غزہ کے لوگوں کو زبردستی نقل مکانی پر مجبور کرنے کی سازش کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا۔ حسین ابراہیم طہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی مشاورتی اجلاس کے انعقاد کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ مشاورت کریں گے-

 

ٹیگس