بیت المقدس کی آزادی تک ایران فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا: جنرل اسماعیل قاآنی
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر نے عالمی یوم قدس کی آمد پر ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ فلسطینیوں کے حتمی ہدف کے حصول یعنی بیت المقدس کی آزادی تک ایران فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے عالمی یوم قدس کی آمد پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اس سال عالمی یوم قدس ایسی حالت میں منایا جا رہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت، امریکی حمایت سے فلسطین کے نہتے اور مظلوم عوام کے خلاف وحشیانہ ترین غیر انسانی جرائم کا ارتکاب کرتی رہی ہے جبکہ فلسطینی عوام نے صیہونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ اور بھرپور استقامت کا مظاہرہ کر کے اپنی عزت و وقار کا لوہا منوایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن اپنی صداقت کے ساتھ وعدہ الہی کا مظہر ثابت ہوا اور اس نے اس بات کی نشاندہی کردی کہ کس طرح حق ، باطل پر کامیاب ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج فلسطین طوفان الاقصی آپریشن سے پہلے کی نسبت کہیں زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ جنرل قاآنی نے کہا کہ اگرچہ یقینی طور پر صیہونی جرائم کے نتیجے میں رہائشی مکانات کی تباہی اور فلسطینی عوام و اہم شخصیات کا خون بہا اور ان حقائق کو نظر انداز بھی نہیں کیا جا سکتا تاہم اگر گہرائي سے نظر ڈالی جائے تو نہ صرف یہ کہ استقامت کمزور نہیں ہوئي بلکہ مزید مضبوط و مستحکم بھی ہوئي ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی یوم القدس اس سال ایسی حالت میں منایا جا رہا ہے کہ بیت المقدس پر ماضی سے کہیں زیادہ توجہ بڑھی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور طریقے سے کھڑا ہوا ہے اور یہ مضبوط استقامت بیت المقدس کی آزادی تک جاری رہے گی۔