Apr ۱۷, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ رہبر انقلاب اسلامی کا تحریری پیغام لے ماسکو پہنچ گئے ہیں

ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے جو رہبر انقلاب اسلامی کا تحریری پیغام لے کر ماسکو پہنچے ہيں کہا ہے فطری امر ہے کہ اس پیغام میں علاقائی و عالمی حالات اور باہمی موضوعات کی جانب اشارہ کیا گيا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزيرخارجہ سید عباس عراقچی آج روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچے ہیں ۔ سید عباس عراقچی نے ونو کووا ایئرپورٹ پر روسی صدر پوتین کے نام رہبر انقلاب اسلامی کے تحریری پیغام کے بارے میں کہا کہ فطری امر ہے کہ اس پیغام میں علاقائی و عالمی حالات اور باہمی دلچسپی کے امور کی جانب اشارہ کیا گيا ہے ۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس دورے کے مقصد کے بارے میں کہا کہ اس دورے کے کئی اہداف ہيں ۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا اور اس میں مغربی ایشیا کے حالات ، اس کے مسائل ، اسرائیل کے جاری جرائم اور علاقے کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ایرانی وزيرخارجہ سید عباس عراقچی نے ایران روس جامع ایٹمی سمجھوتے کو نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک روابط کی سطح کو فروغ ملے گا ۔ واضح رہے کہ ایران کے وزيرخارجہ آج ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ روس کے دورے پر ہیں - اطلاعات کے مطابق ایران اور روس کے وزرائے خارجہ تہران ماسکو کے درمیان اسٹریٹجک امور میں تعاون کے سلسلے میں بھی مذاکرات کے ساتھ ہی روسی صدر پوتین اور اس ملک کے دیگر اعلی حکام سے ملاقات و گفتگو کریں گے۔

ٹیگس