ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ جھوٹ کو دہرانے سے بنیادی حقائق تبدیل نہیں ہوتے، کہا کہ ایران این پی ٹی کا رکن ہونے کے ناتے ایٹمی ایندھن سائیکل کا مکمل حق رکھتا ہے۔
سحرنیوز/ایران:ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج ہفتے کے دن صبح سوشل نیٹ ورک X (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ میں اصولی طور پر مذاکرات کے اہم عناصر کے بارے میں میڈیا پر دلائل پیش کرنے سے گریز کرتا ہوں لیکن میں جو کہنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ جھوٹ کو دہرانے سے بنیادی حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔ سید عباس عراقچی نے مزید لکھا ہے کہ ایران این پی ٹی معاہدے کے بانی دستخط کنندگان میں سے ایک کے طور پر مکمل ایٹمی ایندھن سائیکل Complete Nuclear Fuel Cycle کا مکمل حق رکھتا ہے۔ مزید برآںNPT کے کئی ممبر نیوکلیئر ہتھیاروں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے یورینیم کو افزودہ کرتے ہیں۔
انہوں نے یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اس کلب میں ایران کے علاوہ کئی ایشیائی، یورپی اور جنوبی امریکی ممالک بھی شامل ہیں۔
عراقچی نے کہا کہ دھونس دھمکی اور اشتعال انگیز بیان بازی سے کامیابی کے امکانات کو تباہ کرنے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک قابل اعتماد اور پائیدار معاہدہ ممکن ہے جس کے لیے مضبوط سیاسی ارادہ اور منصفانہ رویہ ضروری ہے۔