اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال پر فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کو کوریج دینے والے صحافیوں کو سلام
May ۰۴, ۲۰۲۵ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرنے اور فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کی منظر کشی کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسماعیل بقائی نے صحافت کی آزادی کے عالمی دن کے موقع پر ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے گزشتہ 2 برسوں کے دوران فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور صیہونیوں کی حیوانیت کی منظر کشی کی ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ان تمام صحافیوں، فوٹوگرافروں اور کیمرہ مینوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے شجاعت اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر گزشتہ 2 سال کے دوران صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی حقیقت کو ثبت کیا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم آج ان 200 سے زیادہ صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فلسطینیوں کے ناقابل بیان رنج و الم اور صیہونیوں کے ہاتھوں مسلسل جارحیت اور نسل کشی کی منظر کشی کی اور حقیقت کو ہمیشہ کے لیے درج کردیا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے لکھا کہ ان میں سے بہت سے صحافی جو حقیقت کا پردہ فاش کرنا چاہتے تھے، نسل کشی کے منصوبے کے بھینٹ چڑھ گئے۔ قابل ذکر ہے کہ ہر سال 3 مئی کا دن عالمی یوم آزادی صحافت کے طور پر منایاجاتا ہے۔