Jun ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۴ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران انقلاب:ایران کےخلاف امریکی جارحیت میں شریک جنگی طیاروں کے اڑان بھرنے کی جگہ معلوم ہوگئی ہے

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کرکے خبردار کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ہمہ گیر انٹیلیجنس تسلط کے نتیجے میں ایران کے خلاف امریکی جارحیت میں حصہ لینے والے جنگی طیاروں کے اڑان بھرنے کی جگہ کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران:  سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کرکے پر امن ایٹمی تنصیبات پر امریکا کی جرائم پیشہ غیر قانونی حکومت کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن نے اپنی مسلسل ناکامیوں سے عبرت حاصل کرنے کے بجائے، پر امن ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرکے، خود کو اگلے محاذ پر پہنچا دیا ہے۔

اس پیغام میں باشرف ملت ایران کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ امریکی حکومت نے آج صبح صیہونی حکومت کی مکمل ہم آہنگی سے اسلامی جمہوریہ ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات پر غیر قانونی فوجی جارحیت کا ارتکاب کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی یہ کھلی جارحیت ایسا آشکارا جرم ہے جس کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی اور امریکا نے اپنے اس جرم سے، اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین ، این پی ٹی، اور ملکوں کی ارضی سالمیت اور ملی اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔

پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ خداکے فضل اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ہمہ گیر انٹیلیجنس تسلط کے نتیجے میں ایران کے خلاف امریکی جارحیت میں حصہ لینے والے جنگی طیاروں کے اڑان بھرنے کی جگہ کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور اس پر ہماری مسلسل نگاہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی تعداد، وسعت اور پھیلاؤ نہ صرف یہ کہ طاقت کا پہلو نہیں ہے بلکہ اس چیز نے ان پر ضرب لگنے کے امکانات بڑھا دیئے ہیں۔

سپاہ پاسداران نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ہم محکم انداز میں یاد دہانی کراتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا پر امن ایٹمی پروگرام اورایران کی اپنی ایٹمی ٹیکنالوجی، اس طرح کے حملوں سے ختم نہیں ہوگی بلکہ ان حملوں سے، پیشرفت و ترقی کے لئے ہمارے نوجوان اور پابند عہد سائنسدانوں کے عزم و ارادے کی تقویت ہوگی۔

ٹیگس