اسپیکر: سیکورٹی یقینی بنانے تک عالمی جوہری ایجنسی سے تعاون معطل
ایران کے پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے جوہری تنصیبات کی سیکورٹی یقینی بنانے تک عالمی جوہری ایجنسی سے تعاون معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوری ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی جانب سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ ہر قسم کا تعاون اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کہ ملک کی جوہری تنصیبات اور سائنسدانوں کی سیکورٹی کی مکمل ضمانت فراہم نہ کی جائے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے لکھا ہے کہ آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کے بل کی کلیات اور جزئیات بغیر کسی مخالفت کے پارلیمنٹ میں منظور ہوچکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قانون کے تحت نہ صرف ایجنسی کو اطلاعات فراہم کرنے کا سلسلہ بند ہوگا بلکہ جب تک جوہری مراکز اور سائنسدانوں کی سلامتی یقینی نہ ہو جائے، ایجنسی کے معائنہ کاروں اور عہدیداروں کو ایران میں داخلے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔