سعودی ولی عہد اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
سعودی ولی عہد اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے کی سلامتی و استحکام پر زور دیا گیا۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے منگل کی شام جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال اور خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے امید ظاہر کی کہ ایران اور صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ خطے کے حالات کو بہتر کرنے میں مددگار ہوگا۔
محمد بن سلمان آل سعود نے تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور بات چیت پر زور دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف صیہونی حکومت کے فوجی حملے کی مذمت میں سعودی عرب کے موقف اور خطے میں سلامتی اور استحکام کو مستحکم کرنے کے لیے سعودی ولی عہد کی کوششوں کو سراہا۔