Aug ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • وزیر خارجہ: غزہ میں جو ہو رہا ہے اس کا ایک ہی نام یعنی نسل کشی

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے غزہ کی المناک صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: وزیر خارجہ ایران نے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سربراہ طاھا حسین کے نام ایک مراسلہ ارسال کیا جس میں غزہ میں جاری المانک انسانی المیے کا جائزہ لینے، غزہ کے لئے فوری بنیادوں پر امداد کی ترسیل اور غزہ کو دائمی طور پر ہتھیانے کے صیہونی منصوبے کا جائزہ لینے کے مقصد سے تنظیم کا ایک ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔

سید عباس عراقچی نے اپنے خط میں لکھا کہ انتہائی تشویش کے ساتھ، اخلاقی اور سیاسی عجلت کے احساس کے ہمراہ میں آپ کو ایک بار پھر روز بروز غزہ پٹی کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کے بارے میں لکھ رہا ہوں، غزہ کا بحران اس وقت امت اسلامی اور عالمی برادری کو درپیش سنگین ترین بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ غزہ کی صورتحال انسانی برداشت کی حد سے باہر ہو چکی ہے، جو کچھ ہو رہا ہے وہ محض ایک انسانی بحران نہیں ہے بلکہ یہ محاصرہ شدہ ایک شہری آبادی کی منظم تباہی ہے اور غزہ میں انجام پا رہے جرائم کی وسعت اور شدت اس بات کا تقاضا کر رہی ہے کہ فوری اور ہماہنگ اقدامات کئے جائیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے بین الاقوامی اداروں کی غزہ کے حوالے سے رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ وہاں ہو رہا ہے اُسے صرف ایک ہی نام دیا جا سکتا ہے اور وہ ہے نسل کشی۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر خارجہ ایران نے یہ مراسلہ اپنے سعودی اور ترک ہم منصبوں کو بھی ارسال کیا ہے۔
 

 

ٹیگس