Oct ۱۴, ۲۰۲۵ ۰۷:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران کی طرف سے امریکی صدر ٹرمپ کے بے بنیاد اور شرمناک دعووں کی مذمت

اسلامی جمہوریۂ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے ایران کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بے بنیاد اور شرمناک دعووں کی مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اسرائیلی پارلیمنٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک دعووں کی مذمت کی گئی ہے۔ یہ بے بنیاد اور شرمناک دعوے ڈونلڈ ٹرمپ نے نسل کشی کے مجرموں کی موجودگی میں پیر کے روز غاصب اسرائيل کی پارلیمنٹ میں کئے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ، دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی پیدا کرنے والے اور دہشت گرد اور نسل کشی کرنے والی غاصب اسرائیلی حکومت کا سب سے بڑا حامی ہونے کے سبب، دوسروں پر الزام لگانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں رکھتا۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی عوام، ایران اور خطے کے جاویداں ہیرو شہید قاسم سلیمانی کے لئےانتہائی احترام کے ساتھ، جنہوں نے امریکہ کی پیدا کردہ داعش دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں بے مثال کردار ادا کیا، اس عظیم انسان اور ان کے ساتھیوں کے قتل میں امریکہ کے وحشیانہ جرم کو کبھی معاف یا فراموش نہیں کریں گے۔  

وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں جھوٹے دعووں کو دوہرا کر ایران کی مقدس سرزمین پر حملہ کرنے اور ایران کے غیور عوام کے قتل میں امریکہ اور صیہونی حکومتوں کے مشترکہ جرم کا جواز قطعا پیش نہیں کیا جا سکتا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی صدر کی امن اور مذاکرات کی خواہش کو ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کے دشمنانہ اور مجرمانہ رویّے سے متصادم قرار دیا ہے۔ سیاسی مذاکرات کے دوران کسی ملک کے رہائشی علاقوں اور پرامن مقاصد کی حامل ایٹمی تنصیبات پر حملہ کر کے معصوم بچوں اور خواتین سمیت ایک ہزار سے زیادہ افراد کو شہید کرنے والا جارح ملک امن اور دوستی کا دعویٰ کیسے کر سکتا ہے؟

 

 

ٹیگس