ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری اور پاکستان کے وزیر خارجہ کے درمیان اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال
ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے جس میں مختلف مسائل پر تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ڈاکٹر علی لاریجانی نے ملاقات کے بعد کہا کہ ہم نے علاقائی مسائل، دو طرفہ تعلقات، اقتصادی پیش رفت اور باہمی تعاون کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقائی مسائل کے بارے میں تفصیل سے مشاورت کی ہے جس کے دوران ہمارے پاکستانی بھائيوں نے بین الاقوامی صورت حال کے بارے میں موقف کی وضاحت کی۔
دریں اثنا، پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ آج ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور عالمی مسائل پر تعمیری بات چیت ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کے بعد ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے اپنے بھائی کے ساتھ ان علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں واضح بات چیت کی جن کا ہمیں سامنا ہے اور یہ کہ میں ان کے دورہ پاکستان سے بہت خوش ہوں۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ہمارا بہت قریبی تعاون ہے اور آج کی بات چیت بہت تعمیری تھی۔ انہوں نے اعلیٰ ایرانی اور پاکستانی حکام کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عہدیداروں سے ملاقات ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ادھر پاکستان کی وزارت خارجہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی سینیٹر محمد اسحاق اور علی لاریجانی کے درمیان ملاقات کے بارے میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام پیدا کرنے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تعاون بڑھانے کے عزم پر زور دیا۔