امریکی پابندیاں، ایرانی عوام کے بنیادی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی: ترجمان وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کی جانب سے ایران کے اقتصادی شراکت داروں پر ٹیرف میں اضافہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں، ایرانی عوام کے بنیادی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں اور یہ انسانیت کے خلاف جرائم شمار ہوتی ہیں، پابندیاں عائد کرنے والے ان جرائم کے نتائج کے حوالے سے جواب دہ ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی پابندیوں کے ذریعے ایران کے اقتصادی شراکت داروں پر ٹیرف میں اضافہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کےعوام گزشتہ پچھتّر برسوں سے بھی زیادہ عرصے سے مختلف بہانوں سے امریکہ اور واشنگٹن کے بعض اتحادیوں کی جانب سے اقتصادی دباؤ، ظالمانہ پابندیوں کی زد میں ہیں اور یہ امریکہ کی، ایران کے خلاف، گہری دشمنی کی علامت ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی اور غیر انسانی اقتصادی پابندیوں کو حکومتوں کے درمیان آزاد تجارتی اصولوں اورعالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تاکید کہ امریکہ کی اقتصادی پابندیاں ایرانی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتی ہیں اور پابندیاں عائد کرنے والوں کو حتمی طور پر ان تمام جرائم کا جوابدہ ہونا پڑے گا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
اسماعیل بقائی نے خبر دار کیا کہ عالمی تجارتی نظام کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ یکطرفہ پابندیوں کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حکام خاص طور پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔