ایران، علاقائی نظام کا ایک بنیادی معمار ہے: ڈاکٹر علی اکبر ولایتی
ایران کے سابق وزیر خارجہ اور بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب کے مشیر نے زور دے کر کہا ہے کہ اسلامی جمہوریۂ ایران علاقائی نظام کے بنیادی معماروں میں سے ایک ہے۔
سحرنیو/ایران: ایران کے سابق وزیر خارجہ اور بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مغربی ایشیا میں جیو پولیٹکل تبدیلیوں کی سونامی نے اسرائیل اور امریکا کے انتخابات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، کہا ہے کہ اب ایران، علاقائی نظام کے بنیادی معماروں میں سے ایک ہے۔ یہ ایک ایسی حقیقت ہے جسے نہ تو ختم کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس کا کوئی متبادل پیش کیا جا سکتا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ "اب جبکہ ہر کوئی مغربی ایشیا کے نئے نظام کے بارے میں بات کر رہا ہے تو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ ایران خلیج فارس، وسطی ایشیا، قفقاز اور بحیرۂ عمان کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ توانائی یا ٹرانزٹ کا کوئی بھی راستہ اگر ہمیں نظرانداز کر کے آگے بڑھنا چاہے گا تو یا تو اس پر لاگت بہت زیادہ آئے گی یا وہ غیر مستحکم ہوگا۔"
انھوں نے مزید لکھا ہے کہ غزہ سے بحیرۂ احمر اور لبنان سے عراق تک بحرانوں کے تسلسل نے ثابت کر دیا ہے کہ علاقائی سلامتی کو تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ یا تو اجتماعی سلامتی قائم ہوگی یا سب کو اجتماعی بدامنی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel