Jun ۱۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • عراقی رضاکار فورس حشد الشعبی نے اپنی آٹھویں سالگرہ منائی

عراقی عوام نے اس ملک کی رضا کار فورس حشد الشعبی کی سالگرہ کا جشن منایا۔

صابرین نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں عوام نے اس ملک کی عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی کے آٹھویں یوم تاسیس کی  مناسبت سے بغداد کی سڑکوں پر نکل کر جشن منایا۔ اس موقع پر عوام اور رضافورس کے اراکین کے ہاتھوں میں الحشد الشعبی اور دیگر قومی و ملکی مزاحمتی تنظیموں کے پرچموں کے ساتھ ساتھ ایران کا قومی پرچم بھی خوب نظر آئے جو استقامتی محاذ کے حق میں نعرے لگانے کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک میں سرگرم مزاحمتی محاذ کے اتحاد و اتفاق کا اعلان کر رہے تھے۔

الحشد الشعبی نے اپنی آٹھویں سالگرہ کی  مناسبت سے عظیم الشان پریڈ کا بھی اہتمام کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ رضاکار فورس الحشد الشعبی 8 سال قبل مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے حکم سے صیہونی و تکفیری ٹولے داعش کا مقابلہ کرنے کے لئے وجود میں آئی تھی جس میں بلا تفریق مذہب و مسلک مختلف ادیان و مذاہب اور سماجی طبقات سے تعلق رکھنے والے عراقی نوجوان سرگرم عمل ہیں۔ 

الحشد الشعبی نے اپنی شب و روز کی جانفشانیوں سے ملک میں داعش کا قلع قمع کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے جس کے باعث عراق کی یہ مزاحمتی و استقامتی فورس امریکہ کے لئے خار چشم کی حیثیت رکھتی ہے اور امریکہ نے اسکو تحلیل اور ختم کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا تاہم وہ اب تک ناکام رہا۔

عراق کی سابق حکومت نے الحشد الشعبی کے خلاف امریکی سازشوں کا جواب دیتے ہوئے اسے اپنی قومی فوج کا حصہ قرار دے دیا ہے۔

ٹیگس