Jul ۰۷, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۲ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصیٰ پہنچ جائیں، استقامتی محاذ کی اپیل

صیہونی حکومت اور انتہاپسند، مسجد الاقصیٰ پر یلغار اور غرب اردن کے تاریخی مقامات پر حملہ کرکے ان مقامات پر قبضہ کرنا اور صیہونی کالونیوں کو توسیع دینا چاہتے ہیں جس کے پیش نظر ایک بار پھر فلسطینی تنظیموں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعے کے روز مسجد کے اندر بڑے پیمانے پر اکٹھا ہوں۔

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی رہنماؤں اور تنظیموں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد الاقصیٰ سے متعلق اسرائیل کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کل بروز جمعہ بڑے پیمانے پر مسجد الاقصی پہنچ جائیں اور نماز جمعہ میں شرکت کریں اور اعتکاف پر بیٹھیں۔ 

فلسطینی رہنماؤں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کا اجتماع ، اسرائیل کی جانب سے مسجد الاقصیٰ کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی کھدائی کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بن سکتا ہے۔

حالیہ مہینوں میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی انتہاپسندوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان تشدد میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔

 صیہونی حکومت اور انتہاپسند، مسجد الاقصی پر یلغار اور غرب اردن کے تاریخی مقامات پر حملہ کرکے ان مقامات پر قبضہ کرنا اور صیہونی کالونیوں کو توسیع دینا چاہتے ہیں۔

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور صیہونی آبادکاروں کی جانب سے مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصیٰ کو اب تک بارہا جارحیت کا نشانہ بنایا جا چکا ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے اس مقدس مقام اور شہر بیت المقدس کا اسلامی تشخص ختم کر کے اسے صیہونیوں کا شہر بنانا ہے۔

 فلسطینی استقامتی گروہوں نے مسجد الاقصیٰ میں صیہونیوں کے حالیہ جرائم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے اس موقف پر زور دیا ہے کہ مسلح استقامت ہی واحد آپشن ہے جو صیہونی حکومت کو فلسطینی شہریوں کے خلاف جرائم کے ارتکاب سے روک سکتا ہے وہ مسلحانہ مزاحمت ہے اور وہ ہرگز اس آپشن سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

حماس کے سینیر رکن حسام بدران نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے فلسطینی قوم کی جدوجہد اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینی قوم قبلہ اول کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ 

حسام بدران کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر ناکام اور نامراد صہیونی لیڈر اور اس کی انتہا پسند جماعتیں  مسجد الاقصیٰ کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں مگر فلسطینی قوم دشمن کی ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو بیت المقدس میں واقع مسجد الاقصیٰ اور الخلیل میں مسجد حضرت ابراہیم (ع)  میں ہزاروں فلسطینیوں نے نماز ادا کی۔

ٹیگس